Thursday, March 28, 2024

ن لیگ نے اسٹیل ملز کی نجکاری کے فیصلے کی حمایت کر دی

ن لیگ نے اسٹیل ملز کی نجکاری کے فیصلے کی حمایت کر دی
June 11, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پیپلز پارٹی خلاف لیکن ن لیگ نے اسٹیل ملز کی نجکاری کے فیصلے کی حمایت کر دی۔ لیگی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا چاہتے ہیں پبلک سیکٹر کے ’’جنازوں‘‘ کی نجکاری ہو۔ اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف نہیں ہیں۔ ملازم گولڈن ہینڈشیک سے مطمئن ہو کر گھر جاتے ہیں تو ٹھیک ہے۔ خواجہ آصف نے کورونا کے پھیلاؤ پر اپنی توپوں کا رخ حکومت کی طرف موڑا۔ کورونا پر وزیراعظم کے بیانات کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان فیصلہ کرے وزیراعظم چاہتے کیا ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نےلاک ڈاؤن سے متعلق مختلف بیانات دیے ہیں ،  ایوان کے بھی بہت سے ممبران کورونا کی زد میں آچکے ہیں، آپ نے سندھ کےخلاف بھی سیاست شروع کر دی۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ  پوری دنیا میں پٹرول خریدار ڈھونڈ رہی ہے اور ہمارے ملک میں خریدار پٹرول ڈھونڈ رہے ہیں،  پمپس پر لائنیں لگی ہیں، ہمیں نہ بتائیں خود سے پوچھیں لائنیں کیوں ہیں؟ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران لیگی رہنما رانا ثنااللہ خواب خرگوش کے مزے لوٹتے رہے۔ ادھر وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے۔ خواجہ آصف کا بیان تضادات کا مجموعہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے اداروں کو تباہ اور بے سمت کیا۔ عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔