Saturday, April 20, 2024

ن لیگ لاہور جلسہ کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے میں مصروف، تخمینہ2 کروڑ

ن لیگ لاہور جلسہ کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے میں مصروف، تخمینہ2 کروڑ
July 24, 2019
لاہور(ویب ڈیسک ) مسلم لیگ ن نے اپنی میزبانی میں کل لاہور میں مال روڈ پر چیئرنگ کراس چوک میں یوم سیاہ کے احتجاجی جلسے کیلئے پارٹی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے فنڈز اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں ،منتظمین کی جانب سے احتجاجی جلسہ کے انتظامات کیلئے 2 کروڑ روپے کے(باقی صفحہ4 نمبر33) اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صدر شہباز شریف احتجاجی جلسہ کے انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ن لیگی ارکان  اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے احتجاجی جلسے کے انتظامات کیلئے فنڈ زاکٹھا کرنا شروع کردئیے ہیں۔ لاہور کے ارکان قومی اسمبلی سے فی کس تین لاکھ روپے جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی سے فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کئے جا رہے ہیں ، پارٹی رہنماؤں ملک ریاض، شیخ روحیل اصغر، وحید عالم خان، سردار ایاز صادق، رانا مبشر اقبال اور ملک افضل کھوکھر نے پارٹی فنڈ میں تین ،تین لاکھ روپے جبکہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن،غزالی سلیم بٹ، کرنل (ر)ر طارق، سمیع اﷲ خان، یاسین سوہل، میاں مرغوب احمد، سیف الملوک کھوکھر اور میاں عمران جاوید نے ڈیڑھ ،ڈیڑھ لاکھ روپے جمع کرا ئے ہیں۔ رمضان صدیق بھٹی اور رانا احسن شرافت لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے پیسے اکٹھے کر رہے ہیں۔ ملک غلام حبیب اعوان اور اختر حسین بادشاہ نے پارٹی کو فنڈ دینے سے انکار کیا تاہم شہباز شریف کے سخت پیغام کے بعد دونوں نے فنڈ دینے کی حامی بھر لی۔ جلسے کیلئے ن لیگ کے 60 ہزار جھنڈے تیار کئے جائینگے جبکہ متوالوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی ن لیگ فراہم کریگی۔