Friday, May 17, 2024

ن لیگ قائمہ کمیٹی سے استعفوں کے معاملے پر دوحصوں میں تقسیم

ن لیگ قائمہ کمیٹی سے استعفوں کے معاملے پر دوحصوں میں تقسیم
October 11, 2019
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں قائمہ کمیٹی استعفوں کے معاملے پر ن لیگ دوحصوں میں تقسیم نظر آئی، چندارکان اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے نہ دینے والوں پربرس پڑے، کہتے ہیں ہم کس چیز کاانتظار کررہے ہیں، سرکاری گاڑیوں کے استعمال کا مزا لینا بند کرنا چاہئے، اپوزیشن ہیں تواپوزیشن کا کردارادا کرنا چاہئے، 92 نیوزنے اجلاس کی اندرونی کہانی حاصل کرلی۔ ماڈل ٹائون لاہور میں ن لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سابق اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں خلیل طاہر سندھو، کنول لیاقت ایڈووکیٹ، راحیلہ خادم حسین، بائو اختر، رانا مشہود، عظمی بخاری، سمیع اللہ خان، وارث کلو، ذکیہ شاہنواز، صبا صادق سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ دوران اجلاس چندارکان اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے نہ دینے والوں پربرس پڑے کہتے ہیں چندارکان اسپیکرکی ملنساری کا دعویٰ کرتے نظرآتے ہیں،ان لوٹوں کو پارٹی چھوڑ دینی چاہئے،تمام قیادت سوائے شہبازشریف کے جیل کے اندر ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنمان لیگ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ اس ملک میں اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جارہاہے، آج یہ فیصلہ کیا ہے کہ تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے رہے ہیں۔ میڈیا پر ن لیگ کے اجلاس سے متعلق خبر پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف میٹنگ کے دوران ٹھیک نہیں تھے، ہم مولانا کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں اسلئے ایسی خبریوں کی اہمیت نہیں۔