Monday, September 16, 2024

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف بھی سیاسی جلسے کرنے کوتیار

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف بھی سیاسی جلسے کرنے کوتیار
February 5, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف بھی سیاسی جلسے کرنے کوتیار ہے، ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اپنے جلسوں کا آغاز پنجاب سے کرے گی ، حتمی پلان رواں ماہ تیار ہوگا ۔ پارٹی قیادت  نے عمران خان کو پہلا جلسہ لاہور میں کرنے کا مشورہ  دیاہے جس پر عمران خان نے مرکزی قیادت سے مشاورت کا وقت مانگ لیا ہے ۔

مسلم لیگ ن، اور پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف نے بھی سیاسی جلسے کرنے پر غور شروع کردیا  ۔ پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں نئے جلسوں کا شیڈول تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

 پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ نوازشریف کے پشاور جلسے کے جواب میں عمران خان بھی لاہور میں رواں ماہ جلسے کا اعلان کریں،تمام ریکارڈ توڑ دیں گے ، بعض نے رائے دی کہ لاہور جلسہ 23 مارچ کو ہونا چاہیے  ۔ عمران خان نے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ۔

پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حدیبیہ کیس پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اورسینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کو بھی بے نقاب کریں گے ،اجلاس میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور دھشتگردی واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ،تحریک انصاف قصورواقعہ پرعدالتی کمیشن کے لیے بھی عدالت سے رجوع کرے گی۔

عمران خان نے پنجاب کے لیے تین میڈیا کوآرنیٹر مقررکرنے کی منظوری دیدی، اعجاز چوہدری ، علیم خان اور میاں محمود الرشید پنجاب میں تحریک انصاف کی ترجمانی کریں گے،اجلاس میں سوات دھماکے کے شہدا کے لئے فاتح خوانی بھی کی گئی۔