Friday, April 26, 2024

ن لیگ انتخابی نتائج کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے، فواد چودھری

ن لیگ انتخابی نتائج کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے، فواد چودھری
July 2, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا پوری قوم الیکشن کیلئے تیار ہے، ن لیگ انتخابی نتائج کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے۔ فواد چودھری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی انتخابات میں التوا قبول نہیں کرے گی۔ نواز شریف کے بیانیے کے باعث پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ڈالا گیا، مہنگائی کے طوفان کی ذمہ دار ن لیگ ہے، چاروں صوبوں میں گورنرز کی تبدیلی ناگزیر ہے۔ ادھر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بائیکاٹ ن لیگ کا سیاسی حق ہے، ممکن ہے نوازشریف آخری وقت میں انتخابات کا بائیکاٹ کر دیں۔ اسدعمر نے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر پتھراؤ کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی میں ڈیل کی خبروں کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل صرف پاکستانی عوام سے ہو رہی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ اگلی حکومت عمران خان کی ہے، لیکن لگتا ہے اللہ تعالیٰ نے فیصلہ کر لیا ہے، حکومت میں آئے تو عوام دوست پالیسیاں لائیں گے۔