Thursday, April 25, 2024

مے فیئر فلیٹس : پی ٹی آئی نے ثبوتوں کیلئے لندن کا رُخ کر لیا

مے فیئر فلیٹس : پی ٹی آئی نے ثبوتوں کیلئے لندن کا رُخ کر لیا
November 17, 2016

اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس کے حوالے سے تحریک انصاف کے ہاتھ بڑا مہرہ لگ گیا۔ لندن میں مے فیئر فلیٹس کے پرانے مالک کا وکیل ڈھونڈ نکالا۔ تحریک انصاف قیادت کے دورہ لندن کے دوران وکیل سے ملاقات اور کیس میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کی کہانی میں نیا موڑ آ گیا۔ لندن کے مے فیئر فلیٹس کا شریف فیملی سے کیا تعلق ہے؟ پی ٹی آئی قیادت نے ثبوتوں کی تلاش کے لیے کمر کس لی۔ تحریک انصاف نے مے فیئر فلیٹس کے 1992ءسے پہلے والے مالک کا وکیل ڈھونڈ لیا۔ تحریک انصاف کے رہنما فلیٹس مالک کے وکیل سے آئندہ 2 روز میں لندن میں ملاقات کریں گے۔

عمران خان اور نعیم الحق کل لندن روانہ ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی لندن پہنچ گئے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی لندن جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما لندن میں مقیم پاکستانی نژاد وکیل سے مے فیئر فلیٹس کی فروخت کے ثبوت اورضروری معلومات حاصل کریں گے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مے فیئر فلیٹس کی فروخت کے حوالے سے ہونے والی خط و کتابت کے دستاویزی ثبوت بھی اسی وکیل کے پاس موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ وکیل نے مے فیئرفلیٹس کے کچھ دستاویزی ثبوت سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھی بھجوائے ہیں تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی نژاد وکیل نے پی ٹی آئی کی قیادت کو بتایا ہے کہ 1992ءاور 93ءمیں مے فیئر فلیٹس کی فروخت سے پہلے کلثوم نواز نے ان فلیٹس کا دورہ بھی کیا اور اس بات کا تقاضا بھی کیا کہ یا تو فلیٹس کی مرمت کرائی جائے یا مرمت کی رقم اصل قیمت سے کم کی جائے۔ پی ٹی آئی کی قیادت کو مے فیئر فلیٹس کے کتنے مصدقہ ثبوت ہاتھ لگ پائیں گے اس بات کا پتہ تو عمران خان کی واپسی پر ہی چل پائے گا۔