Saturday, April 20, 2024

میں نے عدالتوں کا سامنا کیا کراچی کے منتخب میئر بھی کریں: وزیراعلیٰ سندھ

میں نے عدالتوں کا سامنا کیا کراچی کے منتخب میئر بھی کریں: وزیراعلیٰ سندھ
August 25, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو صرف کراچی پر خرچ کیے جائیں گے۔ مجھے اچھا نہیں لگا کہ منتخب مئیر جیل میں ہیں۔ میں نے عدالتوں کا سامنا کیا وسیم اختر بھی عدالتوں کا سامنا کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیس اگست کا واقعہ افسوس ناک تھا۔ یہ واقعہ کہیں اور ہوتا تو میئر کے انتخابات 24 اگست کو نہیں ہوتے۔ مجھے 23 تاریخ کی صبح چیف سیکرٹری کا فون آیا کہ الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے الیکشن ملتوی کردیں لیکن میں نے کہا کہ انتخابات ہونے دیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے اچھا نہیں لگا کہ منتخب مئیر جیل میں ہے۔ میرے خلاف بھی کرمنل اور سول مقدمات بنے لیکن میں نے عدالتوں کا سامنا کیا وسیم اختر بھی عدالتوں کا سامنا کریں۔ انھوں نے واضح کیا کہ میری کوشش ہے کسی قسم کے سیاسی مقدمات نہ بنیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز نے حالات کو کنڑول کر کے شہرسے خوف ختم کیا۔ توانائی بحران پر مراد علی شاہ بولے کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ توانائی کے منصوبوں پر اب تک 2 ارب روپے خرچ کر چکے ہیں ۔ سندھ میں 20 ہزار نئے پولیس اہلکار بھرتی کریں گے۔ نامناسب حالات سے نمٹنے کے لیے اس فورس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔