Tuesday, April 16, 2024

میگا کرپشن کیس : مشتاق رئیسانی اور اکاﺅنٹینٹ ندیم اقبال کا مزید 14 روزہ ریمانڈ

میگا کرپشن کیس : مشتاق رئیسانی اور اکاﺅنٹینٹ ندیم اقبال کا مزید 14 روزہ ریمانڈ
June 2, 2016
کوئٹہ (92نیوز) احتساب عدالت نے میگا کرپشن کیس میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور خالق آباد کے اکاونٹینٹ ندیم اقبال کو 14 ، 14 روز کا مزید ریمانڈ دے کر نیب کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو بلوچستان کی جانب سے میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ اور خالق آباد کی میونسپل کمیٹی کے اکاونٹینٹ ندیم اقبال کو نیب نے مزید ریمانڈ حاصل کرنے کے لئے احتساب عدالت میں پیش کیا۔ عدالت کے روبرو مشتاق رئیسانی نے بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پہلے کی نسبت آپ کی صحت اچھی نظر آرہی ہے۔ آپ پر سنگین قسم کے الزامات ہیں‘ طبی سہولیات کی طرف سے آپ کو کوئی شکایت نہیں ہو گی۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی اہل خانہ سے ملاقات نہیں کروائی گئی جس پر عدالت نے نیب حکام کو ہدایت دی کی مشتاق رئیسانی کو ان کے اہل خانہ سے روزانہ آدھے گھنٹے کی ملاقات بغیر تاخیر کے کروائی جائے۔ عدالت میں میونسپل کمیٹی خالق آباد کے اکاونٹینٹ کو بھی پیش کیا گیا۔ نیب کی جانب سے تحقیقات کے لئے دونوں کا مزید ریمانڈ کی درخواست کی گئی جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کا 14‘ 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔