Thursday, May 9, 2024

میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، چیئرمین نیب

میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، چیئرمین نیب
July 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی احتساب بیورو مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرگرم ہوگیا۔ شریف خاندان اور آصف علی زرداری سمیت دیگر اہم شخصیات کے خلاف جاری تحقیقات کا بھی جائزہ لیا گیا، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کہتے ہیں میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا، اہم شخصیات کے خلاف جاری تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرجنرل، ڈی جی آپریشن اور نیب کے ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں نواز شریف، آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، شوکت عزیز، راجہ پرویز اشرف، سید یوسف رضا گیلانی، شہباز شریف، اسلم خان رئیسانی، ثناء اللہ زہری، مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر عاصم حسین، احسن اقبال کے خلاف جاری تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مفتاح اسماعیل، غلام سرورخان، عامر کیانی، نورالحق قادری، بابرخان غوری، منظوروسان، آغا سدراج درانی، شرجیل انعام میمن، خورشید شاہ، رانا ثناء اللہ، انجینئر امیر مقام، کپٹن صفدر، سردارمہتاب عباسی، مالم جبہ ، بلین ٹری سونامی کیسوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، نیب سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق بی آر ٹی منصوبے کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاویداقبال نے اجلاس سے خطاب میں کہا نیب احتساب سب کیلئے، کی پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہے، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ نیب کی وابستگی صرف اورصرف ریاست پاکستان سے ہے، انھوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔