Friday, April 26, 2024

میگا کرپشن مقدمات ، نیب نے مزید 20 انکوائریوں کی منظوری دیدی

میگا کرپشن مقدمات ، نیب نے مزید 20 انکوائریوں کی منظوری دیدی
January 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت مزید 20 انکوائریوں کی منظوری دیدی۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت مزید 20 انکوائریاں کھول دیں۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں سابق وزیر اعظم  شاہد خاقان عباسی کیخلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی ۔  سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا ، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کیخلاف بھی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی خود پر اپوزیشن کی جانب سے لگائے  گئے الزامات کی تحقیقات کیلئے کئی مرتبہ پیشکش کر چکے  ہیں۔ احتساب کی پیشکش کرنیوالے شاہد خاقان عباسی احتساب کیلئے پیش  ہوں گے یا پھر اپنے لیگی قائدین کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے احتساب کیخلاف واویلا کریں گے یہ تو آنیوالا وقت ہی بتائے گا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی میاں امتیاز ، سابق صوبائی وزیر سہیل انور سیال، سابق صوبائی وزیر زاہد علی برگری، پیپلزپارٹی کے رہنما جام خان شورو، سابق اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ عبدالقیوم ، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق، پی آئی اے کارپوریشن انتظامیہ اور منشا گروپ کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔  چیئرمین نیب نے کرپشن کو ملک کے لئے دیمک قرار دے دیا  (مزید پڑھیئے) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ ملک میں کرپشن کے خاتمے کےلئے احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے لائے جارہے ہیں۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام انکوائریاں اور تحقیقات مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی  ہیں ۔ تحقیقات کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں۔ نیب قانون کے تحت تمام متعلقہ افراد سے موقف معلوم کرکے مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔