Thursday, March 28, 2024

میگا منی لانڈرنگ کیس کا ریکارڈ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں منتقل

میگا منی لانڈرنگ کیس کا ریکارڈ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں منتقل
March 18, 2019
اسلام آباد  (92 نیوز ) میگا منی لانڈرنگ کیس کا ریکارڈ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں منتقل کردیا گیا۔ اومنی گروپ کے اکاؤنٹس کا ریکارڈ  بھی اسلام آباد منتقل کردیا گیا، ایف آئی اے نے دستاویزات احتساب عدالت نمبر ایک میں جمع کرا دیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اب تک 6 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں ، اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود ایف آئی اے کے زیر حراست ہیں جبکہ باقی 5 ملزمان نیب کے زیر حراست ہیں۔ عدالت نے کیس کی جانچ پڑتال بھی شروع کردی ، جس کے بعد ملزمان کو طلبی کے سمن جاری کیے جائیں گے ۔ کراچی سے گرفتار سیکرٹری کے ڈی اے نجم زمان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن میمن احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے ۔ عدالت نے نیب کی ملزمان کی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی   اور دس روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 28 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ ملزم کی اہلیہ نے شوہر کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی استدعا تو عدالت نے مسترد کردی ۔ جج محمد بشیر نے دلچسپ ریمارکس دئیے کہ آپ زہر ملا کر دے دیں تو کون ذمہ دار ہوگا، نیب والے ملزم کا بہت خیال رکھتے ہیں، اچھا کھانا فراہم کرتے ہیں ۔ بعد میں کئی ملزم کہتے ہیں کہ انہیں نیب کے پاس ہی رہنے دیں۔ دوسری جانب  میگا منی لانڈرنگ کیس کی راولپنڈی منتقلی کیخلاف آصف زرداری اور فریال تالپور کی استدعا سماعت کیلئے مقرر  کر لی گئی ۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل سماعت کرے گا ، درخواست گزاروں کا کہنا ہے بینکنگ کورٹ کو مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اختیار نہیں۔