Thursday, March 28, 2024

میگا منی لانڈرنگ کیس ، مشتاق چینی بروکر کا بیان قلمبند

میگا منی لانڈرنگ کیس ، مشتاق چینی بروکر کا بیان قلمبند
June 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) حمزہ شہباز اورسلیمان شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں فرنٹ مین مشتاق چینی بروکرکا بیان قلمبند کرلیاگیا،جوڈیشنل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو نے دفعہ 164 کے تحت  بیان قلمبند کیا ، بعدازاں مشتاق چینی کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، نیب تفتیشی  آفیسر کا کہنا تھا کہ عدالت اگر مشتاق چینی بروکرکا جوڈیشل کردے ہمیں اعتراض نہیں جس پر فاضل عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دو صاحبزادوں کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کیس میں  حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے فرنٹ مین  مشتاق چینی بروکر نے جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا کو بند کمرے میں بیان قلمبند کروادیا۔ سلمان اور حمزہ شہباز کے خلاف مبینہ  لانڈرنگ کیس کی سماعت احتسات عدالت کے جج جواد الحسن نے کی ، مشتاق چینی بروکر نے فاضل عدالت میں بتایا کہ شہباز شریف فیملی کے ساتھ 2005 سے کاروبار کررہا ہوں، 2014 میں شہباز شریف کےکمپنی سیکرٹری عثمان نے 60 کروڑ روپے وائیٹ کرنے کا کہا۔  ہمیں کہا گیا کہ سرمایہ ہمارا ہوگا آپکا صرف اکاؤنٹ استعمال ہوگا وزیراعلیٰ کے بیٹے اور وزیراعظم کےبھتیجے ہونے کی وجہ سے انکار نہ کرسکا۔ مشتاق چینی بروکر  کا مزید کہنا تھا کہ 2014میں ہماری کمپنی کے بادامی باغ میں واقع بنک اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے 21 کروڑ 40 لاکھ کی ٹی ٹی لگوائی گئی ،ہم رقم بھیجنے والی کمپنیوں اور افراد کو نہیں جانتے، سرکلر روڈ بنک اکاؤنٹ میں 29 کروڑ 30 لاکھ کی رقم بیرون ممالک سے ٹرانسفر کی گئی،جو رقم ہمیں موصول ہوتی اس کا چیک کاٹ کر محمد عثمان کو دیتے جو سرکلر روڈ پر واقع بنک میں سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیتے۔ مشتاق چینی بروکر نے اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کی استدعا کردی ، عدالت کی جانب سے مشتاق چینی بروکر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔