Sunday, May 19, 2024

میگا منی لانڈرنگ کیس ، سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

میگا منی لانڈرنگ کیس ، سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری
May 31, 2019
 کراچی (92 نیوز) میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ، آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ انویسٹی گیشن میں مطلوب ہیں۔ چیئرمین نیب نے وارنٹ گرفتاری کی منظوری دے دی۔ نیب کی جانب سے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے معاملے پر سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر حسین بخاری نے رد عمل دیتے ہوئے کہا سابق صدر نے ضمانت حاصل کر رکھی ہے ۔ نیب عدالت کی توہین کر رہی ہے۔ نیر بخاری کا کہنا تھا نیب اخلاقی ساکھ کھو چکا ہے۔ نیب عدالت اور عوام کا وقت ضائع کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ آصف زرداری کو جھوٹے ریفرنسوں سے بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔ گزشتہ روز آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 10 جون تک توسیع کر دی گئی تھی ۔آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے عدالت سے عبوری ضمانت میں توسیع کے لئے  درخواست کی تھی، عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانتوں میں 10 جون تک توسیع کر دی ۔ قبل ازیں جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر چھٹی بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے ، ہمشیرہ فریال تالپور بھی ہمراہ  تھیں ۔ میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کا انداز بتا رہا ہے یہ نہیں چلے گی ، احتساب چلے گا یا معیشت چلے گی ۔ صحافی نے ہاتھ ملانا چاہا تو سابق صدر نے ہاتھ جھٹک دیا۔