Sunday, May 12, 2024

میگا منی لانڈرنگ کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپور پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

میگا منی لانڈرنگ کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپور پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی
October 4, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔ عدالت نے دونوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت بائیس اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے بیان دیتے ہوئے کہا بیرون ملک موجود دو ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ضمنی ریفرنس بھی آئندہ سماعت تک دائر کر دینگے۔ دوسری طرف آصف علی زرداری بھی مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حامی نکلے۔ صحافی نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے کیا کہیں گے جس کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا انشاء اللہ، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ گزشتہ سماعت پراحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت شروع کی تو وکیل لطیف کھوسہ نے پھر جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کا معاملہ اٹھایا اور کہا  عدالت نے حکم دیا تھا کہ اے سی دیں لیکن نہیں دیا گیا، آپ نے کہا فریج دیں لیکن انہوں نے برف کے ڈبے دے دیے ۔ اس دوران آصف علی زرداری روسٹرم پرآگئے تھے ، جج محمد بشیرسے مکالمہ کیا اور کہا کہ ریفرنسز تو چلتے رہیں گے ،  یہ بتایا جائے کہ وکلاء سے بات کرنے کیلئے کتنا وقت ملے گا ، کیس تو انہوں نے لڑنا ہے۔ جج نے آصف علی زرداری کو انکی خواہش اور وقت کے مطابق وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی تھی ، عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو ریفرنسز کی کاپی فراہم کرنے کا بھی حکم دیا تھا ۔