Friday, April 19, 2024

میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں آصف زرداری کا 13،13روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں آصف زرداری کا 13،13روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
July 2, 2019
اسلام آباد  ( 92 نیوز) میگا منی لانڈرنگ اورپارک لین کیس میں آصف زرداری کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے سابق صدر کا13،13روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ نیب ٹیم نےپارک لین کیس میں احتساب عدالت  میں پیشرفت رپورٹ جمع کرادی، میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے آصف زرداری بولے کہ کیا رانا ثناء اللہ منشیات اپنی ہی گاڑی میں لیکر جارہا ہوگا، مجھے منشیات کیس سے نکلنے میں 5 سال لگ گئے۔ میگا منی لانڈنگ کے مقدمے میں نیب پراسیکیوٹرسردارمظفرعباسی نے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، کہا پارک لین کیس میں بھی اہم پشرفت ہوئی ہے۔ اس کیس میں بھی تحقیقات کرنی ہیں۔ جج ارشد ملک نے پوچھا کہ کیا میگا منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش مکمل ہوگئی؟ ، پہلے ہی کہا تھا سب کیسز میں ایک ساتھ ریمانڈ لے لیں۔ ایک بار بتا دیں کتنے کیسز میں گرفتار کرنا ہے؟ ۔ نیب پراسیکیوٹربولے دونوں مقدمات کی ایک ساتھ تحقیقات کررہے ہیں ،  22 انکوائریز ہیں ،  ایک ساتھ تفتیش ممکن نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ابھی 2 کیسز میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس 10،10 گھنٹے چلا، اس وجہ سے تفتیش مکمل نہیں ہوسکی۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں 13 روزکی توسیع کرتے ہوئے 15 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ پارک لین کیس میں نیب نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں آصف زرداری نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کیا رانا ثناء اللہ منشیات اپنی ہی گاڑی میں لے کر جارہا ہوگا، مجھ پر بھی ایسا ہی کیس بنایا گیا تھا، جس سے نکلتے 5 سال لگ گئے۔