Friday, April 19, 2024

میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ضمنی ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم 17 ستمبر تک موخر

میگا منی لانڈرنگ  اور پارک لین ضمنی ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم 17 ستمبر تک موخر
September 9, 2020

اسلام آباد( 92 نیوز)میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں آصف علی زرداری سمیت شریک ملزمان پر فرد جرم 17 ستمبرتک موخر کر دی گئی ، سابق صدر نے دونوں ریفرنسز خارج کرکے بری کرنے کی استدعا کردی ۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردیا، احتساب عدالت میں جانے سے روکنے پر وکلا کی پولیس سے تلخ کلامی ہوئی ، وکلا نے جج احتساب عدالت کو شکایت لگادی ،کہا نئے ملزمان اور وکلاء کے نام پولیس چیک پوسٹ پر موجود ہی نہیں۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس پرسماعت کی، کمرہ عدالت پہنچنے پر آصف علی زرداری نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائک سے شریک ملزمان بارے استفسار کیا، تو بتایا گیا کہ آپ کے شریک ملزم ابھی نہیں پہنچے، جس پر سابق صدر نے صبح صبح بلانے پر شکوہ کیا۔

شریک ملزمان اقبال خان نوری اور محمد حنیف کی پیشی پر عدالت نے انکی ہتھکڑیاں کھولنے کا حکم دے دیا،تاہم، پولیس اہلکار نے چابی نہ ہونے کے باعث ملزمان کو ہتھکڑی سمیت کرسیوں پر بٹھا دیا ،سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر، انکی ہمشیرہ فریال تالپور اور حسین لوائی سمیت شریک ملزمان کی حاضری لگوائی گئی ۔

دوران آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کو خارج کرنے کی استدعا کردی

کہا، ضمنی ریفرنس خارج کرکے بری کیا جائے ، نئی درخواست آنے پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض عائد کردیا ۔ موقف اپنایا کہ ہم نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں کوئی ضمنی ریفرنس دائر ہی نہیں کیا ۔

جج نے وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ آپ اس درخواست پر دلائل کیلئے تیارنہیں ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ درخواست پردلائل کیلئے 17 ستمبر کی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کردی ، عدالت نے فردجرم 17 ستمبر تک موخر کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔

دوسری جانب احتساب عدالت میں ہی پارک لین کے ضمنی ریفرنس کی سماعت بھی ہوئی، آصف علی زرداری نے ایک مرتبہ پھر فرد جرم روکنے کی درخواست دے دی ، جس پر عدالت  نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی 17 ستمبرتک ملتوی کرنے سمیت فرد جرم بھی اسی روز تک مؤخر کردی۔