Tuesday, April 16, 2024

میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل ، چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ سندھ کو کل طلب کر لیا

میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل ، چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ سندھ کو کل طلب کر لیا
October 26, 2018
کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ نے سندھ میں میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں وزیراعلی سندھ کو کل طلب کر لیا۔ سندھ میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ منی لانڈرنگ اہم معاملہ ہے وزیر اعلی آج ہی آکر ملیں۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ شہر میں موجود نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مراد علی شاہ کل چیمبر میں ملاقات کریں۔ جے آئی ٹی نے رپورٹ عدالت میں پیش کی اور بتایا کہ اومنی گروپ پر مجموعی طور پر 73 ارب روپے کا قرضہ ہے۔ نیشنل بینک کے قرضے 23 ارب روپے ، سندھ بینک، سلک بینک اور سمٹ بینک کے پچاس ارب روپے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اومنی گروپ کا سربراہ کون ہیں اسے عدالت میں بلائیں۔ سربراہ جے آئی ٹی نےعدالت کو بتایا کہ بہت پریشانی ہوئی ہے۔ عدالت کی مداخلت سے دستاویزات ملے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہاس طرح کام نہیں چلے گا ، میں یہیں آکر بیٹھ جائوں گا اور کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ عدالت نے جے آئی ٹی کو کہا کہ آپ کو مکمل آزادی ہے جہاں جانا چاہتے ہیں جائیں اور کام کریں۔ عدالت نے سندھ کے تمام محکموں کو جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کا حکم بھی دے دیا اور کہا کہ تمام سیکریٹری اپنے حلف نامے کے ساتھ بیانات اور دستاویزات دیں۔