Friday, April 26, 2024

میکسیکو میں ’’رابن ہڈ‘‘ کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر دیا گیا

میکسیکو میں ’’رابن ہڈ‘‘ کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر دیا گیا
July 30, 2019
 میکسیکو (92 نیوز) میکسیکو میں ’’رابن ہڈ‘‘ کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر دیا گیا۔ ٹیکس چور سیاستدانوں، اسمگلرز اور مافیا کی جائیدادیں نیلام کرکے رقم فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ 15اپریل 2019 کو میکسیکو کے صدر انڈرس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے رابن ہڈ انسٹی ٹیوٹ نامی آزاد ادارہ بنانے کا اعلان کیا جس کا کام صرف ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ میں ملوث سیاستدانوں، اسمگلرز،عادی مجرموں سمیت کرپٹ مافیا کی جائیدادیں ضبط کرنا ہے۔ یہ ریاستی ادارہ کرپٹ مافیا سے ضبط کی جائیدادیں نیلام کر کے عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کرتا ہے۔ رابن ہڈ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پہلی نیلامی ایک گھڑی کی ہوئی جس میں ہیرے لگے ہوئے تھے۔ اس نیلامی سے حاصل رقم ہونے کے ساتھ میکسیکو کے دور دراز علاقوں کی سڑکیں بنانے کا اعلان کر دیا گیا۔ رابن ہڈ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اگلے مرحلے میں انسانی اسمگلرز اور منشیات فروشوں کی املاک کو نیلام کیا جائے گا۔ احتساب اور اینٹی کرپشن کے ادارے پاکستان سمیت پوری دنیا کے ممالک میں موجود ہیں لیکن رابن ہڈ انسٹی ٹیوٹ اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جس نے حقیقی معنوں میں کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ پاکستان میں بھی اس وقت صورتحال میکسیکو جیسی ہے۔ رابن ہڈ انسٹی ٹیوٹ کی طرح قومی احتساب بیورو بھی کرپٹ مافیا کے پیچھے ہے اور اسے حکومت پاکستان کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ وزیراعظم عمران خان متعدد بار کرپٹ افراد سے پیسہ واپس لے کر عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے بیرسٹر شہزاد اکبر کی سربراہی میں ایک ریکوری یونٹ بھی بنا رکھا ہے۔ اب سوال اٹھتا ہے کہ کب حکومت پاکستان قومی خزانہ لوٹنے والوں کےاثاثے ضبط کر کے۔ رابن ہڈ انسٹی ٹیوٹ کی طرح ریکور کی گئی رقم عوامی فلاحی منصوبوں پر خرچ کرے گی؟