Friday, April 19, 2024

میڈیکولیگل افسران کی کمی، نو میں سے چھ میڈیکولیگل سیکشن بند

میڈیکولیگل افسران کی کمی، نو میں سے چھ میڈیکولیگل سیکشن بند
December 17, 2017

کراچی (92 نیوز) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مرد و خواتین میڈیکولیگل افسران کی کمی کے باعث نو میں سے چھ میڈیکولیگل سیکشن بند کر دیئے گئے۔
متاثرہ افراد شہر کے صرف تین سینٹرز میں جانے پر مجبور ہیں۔
کراچی میں ٹوٹل نو میڈیکولیگل سیکشن ہیں جس میں سول، جناح ، عباسی شہید ، سعود آباد، کورنگی، اورنگی، لیاری، لیاقت آباد اور نیو کراچی اسپتال شامل ہیں۔
نو میں سے چھ سینٹر ایم ایل او نہ ہونے کی وجہ سے بند کر دئیے گئے ہیں۔
باقی تین میجر میڈیکولیگل سیکشن میں سول، جناح اورعباسی شامل ہیں جہاں پر مرد ایم ایل او کے ساتھ لیڈی ایم او صرف صبح کے وقت میسر ہوتی ہیں جبکہ شام اور رات میں لیڈی ایم او ان سینٹر پر موجود نہیں ہوتیں۔
کسی بھی واقعہ یا حادثے کی صورت میں خواتین کی میتیں کئی گھنٹے تک سرد خانوں میں پڑی رہتی ہیں۔
پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ اگرمزید ایم او مل جائیں تو دیگر سینٹر بھی 24 گھنٹے کام کر سکتے ہیں۔
چھ میڈیکولیگل سیکشن غیر فعال ہونے سے شہر بھر کے متاثرہ افراد کو سول ،جناح اورعباسی شہید کا رخ کرنا پڑتا ہے۔
محکمہ صحت دیگر شعبوں میں تو ڈاکٹر بھرتی کر رہا ہے لیکن میڈیکولیگل سیکشن میں بھرتیاں نہیں ہو رہیں۔