Monday, September 16, 2024

میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ دینے والے طلباء و طالبات حکومتی پالیسی سے نالاں

میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ دینے والے طلباء و طالبات حکومتی پالیسی سے نالاں
August 30, 2015
لاہور(92نیوز)لاہور میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کی خواہشمندنو ہزار پانچ سو پچھتر لڑکیاں اور چار ہزار آٹھ سو تیس لڑکوں نے انٹری ٹیسٹ دیا،اعلی نمبرز اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے کے باوجود انٹری ٹیسٹ میں قسمت آ زمائی کرنیوالے طلبہ پریشان دکھائی دئیے۔ تفصیلات کےمطابق سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے چودہ ہزار چار سو چار طلبہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کئے گئے چھ امتحانی مراکز میں ٹیسٹ دیا۔ طلبہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے امتحانی مراکز میں کئے گئے انتظامات سے ناخوش دکھائی دئیے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر میجر جنرل (ریٹایرڈ )محمد اسلم نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان دس روز میں کیا جائے گا،پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے فارمولے کے مطابق 82 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنیوالے امیدوار کامیاب تصور ہونگے اور وہی داخلہ فارم جمع کرانے کے اہل ہونگے۔ امتحانی مراکز پر طلبہ کے ساتھ آنیوالے ان کے والدین نے ہاتھوں میں تسبیح اور قرآن پاک پکڑ رکھے تھےجو اپنے بچوں کی کامیابی کی دعائیں کرتے نظر آئے۔