Sunday, May 12, 2024

میڈیکل کالج کی طالبہ کی ہلاکت ، تحقیقاتی کمیٹی کا ہاسٹل بوائے کا بیان قلمبند کرنیکا فیصلہ

میڈیکل کالج کی طالبہ کی ہلاکت ، تحقیقاتی کمیٹی کا ہاسٹل بوائے کا بیان قلمبند کرنیکا فیصلہ
September 18, 2019
 لاڑکانہ (92 نیوز) لاڑکانہ ڈینٹل کالج کے ہاسٹل میں طالبہ کی پراسرار ہلاکت کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے نو عینی شاہدین اور ہاسٹل بوائے کا بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نمرتا کے بھائی ڈاکٹر وشال کا کہنا ہے کہ یہ قتل ہے یا خودکشی تحقیقات کی جائیں۔ میڈیکل کے نمونے پولیس کے پاس ہیں۔ رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ سیمپل کہاں بھیجنے ہیں۔ نمرتا کی ہلاکت کے خلاف لاڑکانہ میں ڈینٹل کالج کے طلبا نے احتجاجی ریلی بھی نکالی اور ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔ احتجاجی ریلی میں سیاسی وسماجی رہنماؤں کی شرکت ہوئی، گھوٹکی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ادھر تحقیقاتی کمیٹی نے 9 عینی شاہدین اور ہاسٹل بوائے کا بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پولیس نے 3 ساتھی طالبات کے ابتدائی بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔ ساتھی طالبات کے مطابق نمرتا کسی ذہنی پریشانی میں مبتلا نہیں تھی۔ لاڑکانہ کےڈینٹل کالج کے ہاسٹل میں  پراسرار طور پر دم توڑنے والی طالبہ کی لاش آبائی علاقے میرپور ماتھیلو پہنچا دی گئی۔ لواحقین غم سے نڈھال ہیں اور نمرتا کی ہلاکت کے خلاف شہر میں احتجاج کیا۔ کاروباری مراکز، دکانیں بند کر دی گئیں۔ دوسری طرف میڈیکل کی طالبہ نمرتا کماری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی۔ نمرتا کے جسم پر تشدد کے کوئی نشان موجود نہیں۔ گردن میں کوئی چیز باندھنے کے نشان ہیں۔ پولیس سرجن کے مطابق حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ پانچ دن بعد آئے گی۔