Friday, March 29, 2024

میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ میں نے پرویز مشرف کیس پر فیصلے کی حمایت کی ، چیف جسٹس

میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ میں نے پرویز مشرف کیس پر فیصلے کی حمایت کی ، چیف جسٹس
December 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ میں نے پرویز مشرف کیس پر فیصلے کی حمایت کی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں عدالتی اصلاحات، نظام انصاف، سازشوں اور قسمت کا تذکرہ کیا اور کہا خصوصی عدالت کے پرویز مشرف سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے کے بعد میرے اور عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز مہم چلائی گئی۔ انہوں نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے الزام کا بھی ذکر کیا اور واضح کیا کہ مشرف کیس پر میرے اثر انداز ہونے سے متعلق بات تضحیک آمیز ہے۔ مجھے اور عدلیہ کو بد نام کرنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ مجھ پرعائد الزام بے بنیاد اور غلط ہے۔ سچ ہمیشہ زندہ رہتا ہے، سچ کا ہمیشہ بول بالا ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بطور چیف جسٹس سب سے پہلے اپنے گھر کو درست کرنے کوشش کی۔ ویڈیو لنک اور جدید ریسرچ سنٹر قائم کیا۔ 25 سال سے زیر التواء فوجداری مقدمات کو نمٹایا۔ آرٹیکل 184/3 میں اپیل کا حق دینے کی تجویز دی۔ چیف جسٹس نے بتایا کہ جج کا شیر جیسا دل اور لوہے جیسے اعصاب ہونے چاہیے۔ آج ضمیر سو فیصد مطمئن ہے ۔ کبھی اپنی آواز بلند نہیں کی، کبھی کسی فیصلے میں تاخہر نہیں کی۔ اگر کسی فیصلے میں مجھ سے ناانصافی ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔ نامزد چیف جسٹس گلزار احمد نے مختصر خطاب میں کہا سپریم کورٹ قانون کی حکمرانی ، آئین کے تحفظ اور آزاد عدلیہ کے چیلنجز سے نمبرد آزما ہوتی آئی ہے۔ آئین پاکستان ایک زندہ جاوید دستاویز اور عوام کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔