Tuesday, April 23, 2024

میڈیا اسٹرٹیجی کمیٹی اجلاس ، ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

میڈیا اسٹرٹیجی کمیٹی اجلاس ، ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
May 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹرٹیجی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ٹرینوں اور ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے، عوام کی مشکلات کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کی، احتیاطی تدابیر کو اپنانا بہت ضروری ہے۔ وزیراعظم دوبارہ لاک ڈاؤن ، ٹرانسپورٹ اور ٹرین بندش کے مخالف ہو گئے۔ حتمی فیصلے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس 31 مئی کو طلب کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے وزرا اور پارٹی ترجمانوں کو فرنٹ فٹ پر کھیلنے کی ہدایت کر دی اور آئندہ بجٹ اور احتساب کے عمل پر ٹیم کو گائیڈ لائنز بھی دیں۔ ادھر وزیر اعظم عمران خان سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات میں پاکستان ریلویز اور کورونا وائرس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ، اپوزیشن کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعظم ہدایت دیں تو مزید ٹرینیں چلا سکتے ہیں۔ پاکستان ریلوے شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا  عالمی مسئلہ ہے اس سے نمٹنے کیلئے پوری دنیا کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ کورونا وائرس کے بعد ترقی کیلئے سرمایہ کاری پر عالمی ورچوئل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نے کورونا کی وجہ سے متاثر ، دیہاڑی دار طبقہ کوبھوک سے بچانے اور معیشت کو سہارا دینے کیلئے 8 ارب ڈالر خرچ کئے۔ اتنے بڑے ریلیف پیکیج سے ہمارے دیگر پروگرام شدید متاثر ہوئے ۔ کورونا کی وجہ سے ہماری ترسیلات زر اور محاصل انتہائی کم ہو گئے۔