Thursday, March 28, 2024

میٹرک پاس مودی کی ایم اے ڈگری پر بھارت میں گرما گرم بحث چھڑ گئی

میٹرک پاس مودی کی ایم اے ڈگری پر بھارت میں گرما گرم بحث چھڑ گئی
May 2, 2016
نئی دہلی (ویب ڈیسک) پاکستان میں پاناما لیکس کا شور ہے تو بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی ڈگری لیکس چھائی ہوئی ہے۔ ماضی میں خود کو معمولی پڑھا لکھا بتانے والے نریندر مودی اچانک پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز ڈگری ہولڈر بن گئے لیکن بی اے کی ڈگری اب تک سامنے نہیں آ سکی۔ ڈگری ڈگری ہوتی ہے اصلی ہو یا نقلی پاکستانی عوام کے لیے یہ ڈائیلاگ نیا نہیں لیکن بھارتی عوام اور سیاست کے لیے یہ کسی بھونچال سے کم نہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ماضی میں ایک انٹرویو میں وضاحت کے ساتھ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے ہائی اسکول تک تعلیم پائی اور سترہ سال کی عمر میں گھر سے نکل گئے اور دربدر گھومتے رہے۔ اب نریندر مودی اچانک پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز ڈگری ہولڈر بن کر سامنے آئے ہیں۔ نریندر مودی کی ڈگریوں پر سوال اٹھانے والے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے بھارت کے سنٹرل انفارمیشن کمیشن سے مودی کی ڈگریوں تک رسائی کی اجازت لی تو گجرات یونیورسٹی کے بھگت وائس چانسلر مودی کی مدد کو لپکے۔ گجرات یونیورسٹی نے اچانک مودی کی ماسٹرز ڈگری لیک کر دی لیکن جلد بازی میں بڑی غلطی کر گئے۔ مودی اپنی تاریخ پیدائش سترہ ستمبر انیس سو پچاس بتاتے ہیں لیکن ڈگری پر تاریخ پیدائش انتیس اگست انیس سو انچاس لکھی ہے۔ ابھی دہلی یونیورسٹی سے بی اے کی ڈگری سامنے آنا باقی ہے جس کے بعد مودی کی تعلیمی قابلیت اور ڈگریوں پر مزید سوال اٹھ سکتے ہیں۔