Friday, March 29, 2024

میٹرک رزلٹ میں سیکڑوں بچوں کے 1100 میں سے 1100 نمبر

میٹرک رزلٹ میں سیکڑوں بچوں کے 1100 میں سے 1100 نمبر
October 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) میٹرک کے رزلٹ میں پنجاب بھر سے سیکڑوں بچوں کے 1100 میں سے 1100 نمبر آ گئے۔

لاہور بورڈ میں سات سو سات طلبا نے سو فیصد نمبر لیے۔ فیصل آباد میں دو سو چالیس طلبا نے سو فیصد نمبر حاصل کیے۔ کورونا کی وجہ سے صرف لازمی مضامین کا امتحان ہوا۔ امتحان دینے والے سب بچوں کو پاس کیا گیا۔

لاہور تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔ میٹرک کے امتحانات میں بھی طلبہ نے نمبر حاصل کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ پانچ سو سے زائد طلبہ نے گیارہ سو نمبر حاصل کرکے بورڈ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

چیئرمین تعلیمی ڈاکٹر مرزا حبیب کہتے ہیں امتحانات کیلئے 2 لاکھ 92 ہزار سے زائد طلباء کو رول نمبر سلپ جاری ہوئی جن میں سے 2 لاکھ 88 ہزار 6 سو 17 طلباء نے امتحان میں شرکت کی۔ امتحانات میں کامیابی کا تناسب 98 اشاریہ 56 فیصد رہا ہے۔

ڈاکٹر مرزا حبیب کا کہنا تھا کہ جو بچے پاس ہوئے ہیں وہ انٹر میڈیٹ  پارٹ ون کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور جو نتائج سے مطمئن نہیں یا امتحان میں غیر حاضر رہے ان کے لیے گیارہ دسمبر سے خصوصی امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔