Thursday, April 25, 2024

میٹرک امتحانات ،سندھ کے تعلیمی بورڈ کی اہلیت پر سوال اٹھ گئے ‏

میٹرک امتحانات ،سندھ کے تعلیمی بورڈ کی اہلیت پر سوال اٹھ گئے ‏
April 2, 2019

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں میٹرک کے امتحانات نے صوبائی حکومت کو بڑے امتحان میں ڈال دیا، مختلف شہروں میں نویں اور دسویں کے پرچوں میں آج بھی نقل مافیا متحرک رہا۔

حیدرآباد، دادو اور قمبرمیں بھی میٹرک امتحانات کے امیدوار بلا خوف گائیڈ بک اور موبائل فون کے ذریعے پرچے حل کرتے رہے، سکھر میں انگلش اورشکار پور میں اردو کا پرچہ طالب علموں کو وقت سے پہلے ہی مل گیا۔

آج پھر سکھر بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کا ہونے والا انگلش کا پرچہ وقت سے پہلے آؤٹ ہو گیا  جو موبائل فون کے وٹس ایپ  گروپس میں شیئر ہوتا رہا ۔  شکار پور میں لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام دسویں جماعت کا اردو  کا پرچہ بھی طالب علموں  کو وقت سے پہلے ہی مل گیا۔

سندھ بھر کے مختلف امتحانی مراکز میں سرعام نقل بھی عروج پر ہے ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات مسرور احمدزئی کو معطل کردیا۔

ادھر ایبٹ آباد میں بھی دسویں جماعت کا آج ہونے والا فزکس کا پرچہ رات گئے ہی آؤٹ ہو گیا تھا،جس کے بعد تعلیمی بورڈ نے ایکشن لیتے ہوئے فزکس کا پرچہ منسوخ کردیا  ۔جو اب کل بروز بدھ ہوگا۔