Monday, September 16, 2024

میٹرو ٹرین پراجیکٹ پر کام کرنے والا مزدور کرین کے نیچے آ کر جاں بحق

میٹرو ٹرین پراجیکٹ پر کام کرنے والا مزدور کرین کے نیچے آ کر جاں بحق
February 4, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کرنے والا مزدور کرین کے نیچے آکر جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اورنج میٹرو لائن کا منصوبہ ایک اور مزدور کی جان لے گیا۔ پراجیکٹ کے کام کے دوران اب تک پانچ افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں اورنج میٹرو ٹرین لائن کے منصوبے پر دن رات کام جاری ہے جس کے لیے بھاری مشینری استعمال ہو رہی ہے۔ شالامار چوک کے قریب صبح سویرے مزدور امان اللہ کام کرتے ہوئے کرین کے نیچے آکر جاں بحق ہو گیا۔ متوفی بنوں کا رہائشی تھا۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔ اورنج میٹرو پراجیکٹ کے کام کے دوران گزشتہ ماہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نارروال کے رہائشی دو مزدور کرین بجلی کی تاروں سے چھو جانے پر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس منصوبے کے باعث حادثاتی طور پر دو عام شہری بھی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔