Saturday, April 27, 2024

میٹرو منصوبے میں مبینہ کوردبرد کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع، سفاری پارک میں جانوروں کی خریداری میں کرپشن کی بھی تحقیقات شروع

میٹرو منصوبے میں مبینہ کوردبرد کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع، سفاری پارک میں جانوروں کی خریداری میں کرپشن کی بھی تحقیقات شروع
January 1, 2016
راولپنڈی / کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کےلئے ان ایکشن ہو گیا ہے۔ راولپنڈی میٹرو منصوبے میں مبینہ خورد برد کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور کے سفاری پارک میں جانوروں کی خریداری میں کرپشن کی تحقیقات بھی شروع ہو گئی ہیں۔ قومی احتساب بیورو ملک بھر میں کرپشن کے اژدھے کو قابو کرنے کے لئے متحرک ہو گیا ہے۔ نیب کی راولپنڈی میٹرو منصوبے میں تحقیقات سے افسروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ منصوبے میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔ منصوبےکے ڈائریکٹر انجینئر سعید ملک منصوبہ مکمل ہوتے ہی بیرون ملک  جا چکے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق تحقیقات میں منصوبے میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے افسروں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ نیب نے پراجیکٹ کے چیئرمین اور کمشنر سمیت افسروں کے بینک اکاؤنٹس اور منصوبے کے بعد خریدی گئی جائیداد کا ریکارڈ حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ دوسری طرف لاہور کے سفاری  پارک میں جانوروں کی خریداری میں کرپشن کے ناسور نے جانوروں کو بھی نہیں بخشا۔ سفاری پارک میں جانوروں کی خریداری میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ شیر اور دیگر جانور مارکیٹ سے چار گنا زائد قیمت پر خریدے گئے ہیں۔ نیب پنجاب نے لاہور کے سفاری پارک میں ہونے والی کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی  ہیں۔ اُدھر کراچی میں نیب نے کارروائی کرکے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث چار سرکاری افسروں کو گرفتار کر لیا۔