Monday, May 20, 2024

میٹ ہنری سب سے زیادہ اسکور دینے والے تیسرے باؤلر بن گئے

میٹ ہنری سب سے زیادہ اسکور دینے والے تیسرے باؤلر بن گئے
May 29, 2019
برسٹل ( ویب ڈیسک ) میٹ ہنری ون ڈے میں سب سے زیادہ اسکور دینے والے دنیا کے تیسرے باؤلر بن گئے ۔ میٹ ہنری نے  ویسٹ انڈیز کیخلاف 9 اوورز میں  107 اسکور دیکر ریکارڈ اپنے نام کیا ۔ انہوں نے دو نوبال اور چار وائیڈ بالز پھینکیں ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف میٹ ہنری نے پہلا اوور کیا جس میں انہوں نے ایک چوکا کھا کر  کل 6 اسکور دیے ۔   دوسرے اوور میں  کرس گیل نے ہنری پر لاٹھی چارج شروع کیا اور اوور کی دوسری گیند پر چوکا ، تیسری اور چوتھی پر چھکا ،  پانچویں پر پھر چوکا لگا کر  ہنری کو ایک ہی اوور میں 21 رنز کا مزہ چکھا دیا۔ تیسرے اوور میں ہنری کو پھر کرس گیل کے جارحانہ انداز کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے  ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے اوور میں 13 اسکور بنائے۔ مسلسل باؤنڈریز کھانے پر ہنری کو کچھ دیر کیلئے ہٹا دیا گیا ، کچھ دیر بعد انہیں کرس گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد دوبارہ اوور دیا گیا، اپنے  چوتھے اوور میں ہینری نے صرف تین اسکور دیے ۔ پانچویں اوور میں ہنری کو ایک چوکے  ، ایک سنگل اور ایک ڈبل کی صورت میں 7 اسکور پڑے ۔ کچھ دیر آرام کے بعد ہینری کو چھٹا اوور دیا گیا ، مگر ہوپ نے  دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 15 اسکور بنائے جبکہ ہینری نے ایک وائیڈ بال پھینکی ۔ اپنے ساتویں اوور میں ہینری نے پہلی وکٹ حاصل کی ، انہوں نے ہولڈر کا شکار کیا ۔ لیکن اسی اوور میں برتھویٹ نےایک چھکا اور چوکا بھی لگایا ، ہینری نے اس اوور میں بھی 12 قیمتی رنز دیے ۔ اپنے آٹھویں اوور میں بھی ہینری کو برتھویٹ کا سامنا کرنا پڑا ،اس اوور میں ہینری کو تین چوکے اور ایک چھکا کھانا پڑا ، انہوں نے دو وائیڈ بھی پھینکیں ۔ اس اوور میں ہنری نے کل 23 اسکور دیے ۔ اپنے نوویں اوور میں ہنری نے دوسری وکٹ حاصل کی ، اس اوور میں انہوں نے وائیڈ کیساتھ چوکا دیا  جبکہ دو سنگلز ہوئیں ۔ انہوں نے اپنے نوویں اوور میں کل 7 اسکور دیے ۔ ہنری نے اپنے پہلے اوور میں 6، دوسرے میں 21، تیسرے میں 13 ، چوتھے میں 3، پانچویں میں 7، چھٹے میں 15، ساتویں میں 12، آٹھویں میں 23 اور نویں میں 7 اسکور دیے ۔ ایک ون ڈے انٹر نیشنل میں سب سے زیادہ اسکور کھانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے مک لیوائس کے پاس ہے ، جنہیں 10 اوورز میں 113 رنز کھانے پڑے ، مک کو 12 مارچ 2006 کو جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی جارحانہ بیٹنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ون ڈے میں سب سے زیادہ اسکور کھانے والے باؤلرز کی فہرست میں  دوسرا نمبر پاکستان کے وہاب ریاض کے پاس ہے ۔ وہاب ریاض کو 30 اگست 2016 کو نوٹنگھم کے میدان میں انگلینڈ کی ٹیم نے  10 اوورز میں 110 اسکور مارے  تھے ۔