Wednesday, May 8, 2024

میو اسپتال کی سٹی اسکین مشینیں خراب، مریض خوار

میو اسپتال کی  سٹی اسکین مشینیں خراب، مریض خوار
January 26, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور کے میو اسپتال کی ایمرجنسی میں سٹی اسکین مشین خراب ہو گئی جس کی وجہ سے مریض باہر سے ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہو گئے ، دوسری جانب پنجاب حکومت نے انقلابی پراجیکٹ صحت سہولت کارڈ 21 دسمبر سے علاج کے لئے بند ہے جس سے مریضوں کی پریشانی میں دوہرا اضافہ ہو گیا ہے ۔ یک نہ شد دو شد یعنی اگر یوں کہا جائے کہ صحت جیسے اہم شعبے پر اگر فاتحہ پڑھ لی جائے تو مناسب ہوگا  ۔  نئے سال میں بھی محکمہ صحت کے حالات بہتر نہ ہو سکے، لاہور کی بڑی علاج گاہ میں آج بھی مریض مشکلات کا شکار ہیں  ، میو اسپتال کی ایمرجنسی سمیت تینوں سٹی سکین کی مشینیں خراب ہوگئیں جس کی وجہ سے مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں ریفر کیا جانے لگا۔ ذرائع کے مطابق میواسپتال میں مشینیں گزشتہ 7 روز سے خراب ہیں ، بات یہیں پر رکی نہیں جناب،حکومت کی جانب سے ٖغریب عوام کو سہولت کارڈ تو جاری کیا گیا مگر اس پر علاج 21 دسمبر سے بندہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کا صحت کارڈ  تاحال ایکٹیو نہ ہو سکا، جبکہ تمام صحت کارڈز پر علاج فروری میں ہی ممکن ہو سکے گا۔ حکومت کی جانب سے صحت جیسے اہم شعبے میں اصلاحات کے دعوے تو بہت کیا جاتے ہیں لیکن عملا ًکچھ نہیں کیا جارہا ، عوام نے حکومت سے اس مسئلے پر فوری توجہ دینے کی درخواست کی ہے ۔