Tuesday, May 7, 2024

مینجمنٹ کو فاسٹ بولر عامر کے تحفظات دور کرنے چاہئیں ، سینیٹر فیصل جاوید

مینجمنٹ کو فاسٹ بولر عامر کے تحفظات دور کرنے چاہئیں ، سینیٹر فیصل جاوید
December 18, 2020

لاہور (92 نیوز) سینیٹر فیصل جاوید نے کہا مینجمنٹ کو فاسٹ بولر عامر کے تحفظات دور کرنے چاہئیں۔

پاکستان کرکٹ کے گراؤنڈ پر محمد عامر اور پی سی بی میں میچ پڑ گیا۔ فاسٹ بولر نے الزامات اور شکووں کے باونسرز برسا دیئے اور کہا موجودہ ٹیم مینجمنٹ ہمیشہ ذہنی اذیت دیتی ہے۔ ملک کیلئے وائٹ بال کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں مگر وقار یونس الزام لگاتے ہیں کہ میں نے ملک کو دھوکہ دیا۔

فاسٹ بولر اتنے پریشان ہوئے کہ بول پڑے۔ بہت توہین برداشت کر لی ، اب ملک کے لیے مزید انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلوں گا۔

عامر نے ریٹائرمنٹ کے اعلان کیلئے دو روز کا وقت مانگا مگر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے نام لیے بغیر ہی گڈ بائے کر دیا۔ بولے عامر سے بات ہوئی۔ وہ ملک کیلئے مزید نہیں کھیلنا چاہتے۔ ہم اُن کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

شعیب اختر، شاہد آفریدی، انضمام الحق نے معاملہ افہام وتفہیم سے حل کرنے کی اپیل کر دی۔ سوشل میڈیا صارفین نے محمد عامر کی حمایت کر دی۔

سابق کپتان انضمام الحق نے کہا محمد عامر بڑا کھلاڑی ہے، بورڈ کو ڈراپ کرنے سے پہلے اس سے بات کرنی چاہیے تھی۔ شاہد آفریدی نے کہا عامر کم بیک کر سکتا ہے، بورڈ کو مصباح اور وقار سے بات کرنی چاہیے۔ کرکٹ تجزیہ کار مرزا اقبال بیگ نے کہا محمد عامرکا بورڈ کو آنکھیں دکھانا غلط بات ہے۔