Thursday, May 2, 2024

مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کیخلاف تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج

مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کیخلاف تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج
December 15, 2020

لاہور (92 نیوز) مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کےخلاف تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

گریٹر اقبال پارک کی خوبصورتی ویران کرنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،پی ایچ اے کے سکیورٹی آفیسر محمد ضمیر کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج  کیا گیا۔

مقدمے میں مریم نواز،خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال اور دیگر لیگی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے،مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت،کورونا ایس اوپیز اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق جلسے کے شرکا نے گریٹر اقبال پارک میں کافی نقصان کیا،بینچوں کو توڑ کر آگ لگا دی گئی جبکہ جنگلے،فرش،ٹریک اور گملوں کو بھی توڑ دیا۔

دوسری جانب پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پارک میں نقصان پہنچانے پر پی ڈی ایم قیادت کو نقصان کے ازالے کا نوٹس بھجوا دیا ،نوٹس میں مطالبہ کیا گیا جلسے سے پارک کا ایک کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا جس کا ازالہ تین دن کے اندر کیا جائے۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے ہرجانے کی کاپی ایم پی اے سمیع اللہ اور سینیٹر رانا مقبول کو بھجوا دی گئی ۔