Tuesday, May 7, 2024

مینار پاکستان پر تحریک انصاف کا جشن شروع ہو گیا

مینار پاکستان پر تحریک انصاف کا جشن  شروع ہو گیا
April 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) مینار پاکستان پر تحریک انصاف کا جشن شروع ہو گیا  ، کپتان کی ہدایت پر کھلاڑیوں نے پنڈال میں ڈیرے ڈال دیئے  جبکہ تیاریاں ایسی کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ گئے ۔ جوش جذبہ ساتویں آسمان کو چھونے لگا  جبکہ کھلاڑی تاریخی منٹو پارک میں نئی تاریخ رقم کرنے کے لئے تیار وہ گئے ، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیج سج گیا ۔ تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ کل ہو گا مگر ہلہ گلہ آج رات سے ہی شروع ہو گیا ، کپتان کے کھلاڑیوں نے پنڈال میں ڈیرے ڈال لیئے ۔معروف گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے  جبکہ کپتان بھی مینار پاکستان پہنچیں گے ۔ دوسری طرف کپتان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ لاہور پہنچ چکے ہیں ، عمران خان نے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شہر لاہور کو دلہن کی طرح سجا دیا  ،گویا ، ہر طرف پی ٹی آئی کے جھنڈوں اور کپتان کی تصویروں والے بینرز کی بہار آ گئی ۔ کپتان نے اپنے کھلاڑیوں کو آج ہی مینار پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آج رات مینار پاکستان پر تحریک انصاف کا جشن ہوگا۔ جلسے میں شرکت کیلئے  پی ٹی آئی کے ٹائیگرز پشاور سے موٹر سائیکلی ریلی  کی شکل میں لاہور کا رخ کئے ہوئے ہیں ۔  جی ٹی روڈ کے راستے جانے والے کارکن مختلف شہروں میں عوام کو جلسے میں شرکت کی ترغیب بھی دیں گے ۔ جلسہ میں شرکت کےلئے پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی جھنڈے اٹھائے رکن قومی اسمبلی ساجد نواز کی قیادت میں لاہور کےلئے رواں دواں ہیں ۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ کپتان کا خطاب سننے کےلئے موٹرسائیکلوں پر جی ٹی روڈ کے راستے لاہور جائیں گے، راستے میں مختلف شہروں میں کارکن ریلی میں شریک ہوں گے۔ کپتان کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ لاہورمینار پاکستان پر پی ٹی آئی کا جلسہ اور عمران خان کا خطاب تاریخی اور نیا پاکستان کی نوید ثابت ہوگا۔