Wednesday, May 8, 2024

میمو گیٹ اسکینڈل ، داخلہ اور خارجہ کے سیکرٹریز ذاتی حیثیت میں کل عدالت طلب

میمو گیٹ اسکینڈل ، داخلہ اور خارجہ کے سیکرٹریز ذاتی حیثیت میں کل عدالت طلب
February 14, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے میمو گیٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار حسین حقانی کو وطن واپس لانے سے متعلق حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔ سپریم کورٹ میں میمو گیٹ اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ حسین حقانی کو واپس لانے کیلئے کیا پیشرفت ہوئی؟ جس پر ڈائریکٹر ایف آئی نے بتایا کہ وزارت خارجہ اور وزارت خزانہ کو خطوط لکھے ہیں۔ حسین حقانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حسین حقانی کے وارنٹ کے اجراء کیلئے معاملہ چل رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معاملہ لمبا نہیں ہوتا جارہا ہے؟ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی کو کل تک تمام دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔ سرکاری وکیل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ ریکارڈ آنے کے بعد تحقیقات میں پیش رفت ہو گی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ایک بندہ عدالت کو یقین دہانی کرا کر ملک سے کیسے بھاگ گیا۔ یہ عدالت کی عزت کا معاملہ ہے۔ ہم حسین حقانی کو پاکستان لانے سے متعلق حکومتی اقدامات سے مطمئن نہیں ۔حکومتی رپورٹس عدالت کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کے مترادف ہے ۔ عدالت نے داخلہ اور خارجہ کے سیکریٹریز کو کل ذاتی حیثیت  میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔