Friday, April 19, 2024

میمو گیٹ اسکینڈل،ملزموں کی وطن واپسی کیلئے مسودے کا ڈرافٹ تیار کرنے کا حکم

میمو گیٹ اسکینڈل،ملزموں کی وطن واپسی کیلئے مسودے کا ڈرافٹ تیار کرنے کا حکم
June 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ میں میمو گیٹ کمیشن کیس کی  سماعت  کے دوران عدالتی معاون نے عدالت کو بتایا کہ بیرون ملک سے افراد کی وطن واپسی کیلئے قانون سازی کرنی ہو گی، عدالت نے دو ہفتوں میں قوانین کے مسودے کا ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے میمو گیٹ کمیشن کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ حسین حقانی نے سپریم کورٹ کو وطن واپس آنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب وہ واپس نہیں آ رہے۔ عدالتی معاون احمر بلال صوفی نے عدالت کو بتایا کہ قانون نہ ہونے کی وجہ سے اس معاملے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عدالتی معاون کے مطابق قوانین میں ترمیم کے بغیر حسین حقانی کو وطن واپس نہیں لایا جاسکتا۔ عدالتی معاون کے مطابق بیرون ملک سے افراد کی وطن واپسی کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے، عدالت نے احمر بلال صوفی کو دو ہفتوں میں قوانین کے مسودے کا ڈرافٹ تیار کر نے کی ہدایت کرتے ہوئےسماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔