Friday, April 26, 2024

میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات،شوبز انڈسٹری تقسیم ہو گئی

میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات،شوبز انڈسٹری تقسیم ہو گئی
April 21, 2018
لاہور ( 92 نیوز )میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر ہراسگی کے الزامات کےبعد شوبز انڈسٹری تقسیم ہوگئی ، کوئی علی ظفر کا حامی تو کوئی میشا شفیع کو سپورٹ کرنے لگا ہے ۔ سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے اپنے سٹارز کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں جب کہ میشا شفیع آج تیسرے روز بھی ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔ میشا شفیع کے الزامات کےبعدہالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دینے والی مہم می ٹو ایک بار پھر زبان زدعام ہے ، اس بار اس نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کو گھیرے میں لے لیا۔ میشا شفیع جھوٹی یا علی ظفر جھوٹا ، میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات کے بعدپاکستانی سلیبریٹیز تقسیم ہوگئیں۔کوئی علی ظفر کا حامی ہے تو کسی کو میشا کے الزامات سچ لگتے ہیں۔ رابی پیرزادہ، مایا علی، ریچل ،صنم تاثیر،عثمان خالد بٹ نے علی ظفر کی حمایت کی جبکہ عروا حسین ، مومنہ مستحسن، لینا غنی،حمنہ رضا اور ریحام خان نے میشا شفیع کو بہادر قرار دیا۔ دوسری جانب اداکارہ میرا کہتی ہیں انہیں بھی نازیبا سلوک کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اس پر کتاب لکھ کر سب کے پول کھولیں گی۔ حمزہ علی عباسی کہتے ہیں مردوں اور عورتوں دونوں کا حیاکرنا چاہئے ، جبکہ ماہرہ خان نے کہا سوشل میڈیا پر بے تکی بحث سے معاملے کی سنجیدگی ختم کردیتی ہے۔اس مسئلے پر سنجیدگی سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ادھر علی ظفر کی والدہ ڈاکٹر کنول امین کہتی ہیں کہ معاملے سے قانونی طور سے نمٹاجائےگا جبکہ میشا کی والدہ صبا حمید کہتی ہیں کہ وہ اپنی بیٹی میشا کی بھرپور حمایت کررہی ہیں۔