Monday, May 20, 2024

میشا شفیع کیخلاف ہتک عزت کیس ، علی ظفر کے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل

میشا شفیع کیخلاف ہتک عزت کیس ، علی ظفر کے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل
May 29, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور کی  سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف ہتک عزت کیس کی سماعت علی ظفر کے 5 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل  ہوگئی۔ گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف اداکار و گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے کی لاہور کے سیشن جج امجد علی شاہ کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ میشا شفیع کے وکلا کی علی ظفرکی جانب سے پیش ہونیوالے پانچ گواہوں پر جرح مکمل ہو گئی۔ دو خواتین اور تین مرد گواہوں نے میشا شفیع کے دعوے کو جھوٹ کا پلندا قرار دیدیا۔ خاتون گواہ ماڈل کنزہ منیر نے عدالت کو بتایا کہ جس دن جنسی ہراساں کیے جانے کی بات کی جا رہی ہے، اس دن ریہرسل کے دوران گلوکار علی ظفر کی اہلیہ بھی وہاں موجود تھیں ۔ کنزہ کے بقول وہ علی ظفر اور میشا شفیع سے محض پانچ فٹ کی دوری پر تھیں اور انہوں نے ایسا کوئی واقعہ نہیں دیکھا۔ عدالت نے علی ظفر کے مزید تین گواہوں کو 30 مئی کو طلب  کرلیا۔ علی ظفر نے 21 مئی کو ہونیوالی سماعت میں اپنے آٹھ گواہوں کے بیان حلفی جمع کرائے تھے۔