Sunday, May 12, 2024

میرے پاس بےشمار راز ہیں، ایاز صادق، مسلم لیگیوں کو غدار ٹھہرنا قیامت کی علامت، فضل الرحمٰن

میرے پاس بےشمار راز ہیں، ایاز صادق، مسلم لیگیوں کو غدار ٹھہرنا قیامت کی علامت، فضل الرحمٰن
October 31, 2020
لاہور (92 نیوز) ن لیگی رہنماء ایاز صادق دعویٰ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میرے پاس بےشمار راز ہیں، کبھی غیرذمہ دارانہ بیان دیا نہ کبھی دوں گا۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا قیامت کی علامت ہے کہ مسلم لیگی آج غدار ٹھہرے ہیں، پی ڈی ایم میں مشاورت کیساتھ جو مناسب سمجھیں گے کرینگے۔ مسلم لیگی رہنماء ایاز صادق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج مولانا صاحب تشریف لائے انکو خوش آمدید کہتا ہوں،  ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں نہ مجھے حق ہے میں کسی کو غدار کہوں نہ کوئی مجھے کہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جو چاہتا ہے وہ ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سیاسی اختلاف ہوتا ہے مگر پاکستان پہ بات آئے گی تو ہم سب ایک ہیں۔ ہمیں شدید اختلاف ہیں اس حکومت سے چاہے وہ کشمیر کا مسئلہ یو پھر فارن پالیسی، میں نے افواج پاکستان نہیں حکومت کیخلاف بات کی تھی، میری بات کو حکومتی لیڈروں نے مس ریڈ کیا، یہ پاکستان کیخلاف سازش ہے۔ ایاز صادق بولے کہ آج جو پوسٹر بینرز لگے یہ انڈین میڈیا کے ہاتھوں کھیل کر حکومت نے اچھا نہیں کیا، میں میڈیا کو گزارش کرتا ہوں اس چیز کو مت ابھاریں، ایک اور وزیر نے سٹیٹمنٹ دی میں اس کا ذکر نہیں کروں گا۔ اِدھر سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شکرگزار ہوں ایاز صادق کا جنہوں نے گھر بلا کہ عزت دی، جو گفتگو ایاز صادق نے کی اسکی تائئد کرتا ہوں۔ ہمارے ملک میں سیاسی اختلافات ضرور ہیں، پچیس جولائی دو ہزار اٹھارہ کو دھاندلی ہوئی ہم اس حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ ہم سب اداروں کی عزت کرتے ہیں، اپنی بھی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترقی کا سالانہ ساڑھے 6 فیصد تک پہنچ گیا تھا، آج صفر ہو گیا۔ معیشت تماشہ بن گئی ہے، چھوٹے تاجر رو رہے ہیں، ملک دیوالیہ ہو گیا ہے۔ آئین کے مطابق ملک کو چلایا جائے، پوری حکومت احمقوں کا مربہ ہے ایسے وزیر ہیں جو اپوزیشن کو اشتعال دلاتے ہیں۔ حکومتیں چاہتی ہیں بحران نہ ہوں، یہ حکومت خود پیدا کرتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ڈی ایم کو توڑنے کی کوشش کی گئی، پی ڈی ایم عوام میں جاتی ہے تو عوام کو حوصلہ ملتا ہے۔ حکومت نے جو ایاز صادق کی تقریر کے ردعمل میں پلوامہ کا ذکر کیا وہ احمقانہ ردعمل ہے۔  ایاز صادق کے اسمبلی میں بولے الفاظ پر باہر چیلنج نہیں ہو سکتا، جو ہوگا اسمبلی میں ہو گا۔