Thursday, May 9, 2024

میرے مرنے سے پہلے اللہ اسمبلی کو موت دیدے،ظفر اللہ جمالی

میرے مرنے سے پہلے اللہ اسمبلی کو موت دیدے،ظفر اللہ جمالی
October 5, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز )سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے قومی اسمبلی میں حکومت کو شدید تنقیدکا نشانہ بنایا۔سابق وزیر اعظم نے یہاں تک کہہ دیا کہ اللہ میرے مرنے سے پہلے اس اسمبلی کو موت دیدے۔اداروں کو نہ چھیڑا جائے وہ کسی کے ماتحت نہیں۔ختم نبوت کے حلف نامے میں ردوبدل کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
میر ظفر اللہ جمالی نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد سے یہ امید نہیں تھی۔یا انہوں نے بل نہیں پڑھا یا پھردانستہ ایسا کیا ۔وہی کچھ کیا جارہا ہے جو ڈان لیکس میں ہوا۔اگر حکومت نے بل پاس کیا تو ذمہ داری لی جائے اورذمہ داروں کو سز ا دی جائے۔
سابق وزیراعظم کے خطاب کے دوران ارکان شور کرتے رہے توظفر اللہ جمالی بولے کہ وہ کبھی کبھی بات کرتے ہیں لیکن جب کرتے ہیں تو اس کا اثر ادھر بھی ہوتا ہے اور کہیں اور بھی ۔ میر ایاز صادق کا معاملہ آیا تونواز شریف کو دوبارہ الیکشن کا کہا تھا۔سنا ہے پنجاب پانچ دریاﺅں کا پانی پیتا ہے ۔پانچ دریاﺅں کے پانی کا ذائقہ مختلف ہونا چاہیے۔
ظفر اللہ جمالی نے بے بسی کے عالم میں کہا کہ یہاں چار چار سال تک وزیر خارجہ نہیں ہوتا۔سیلا ب آئے یا کوئی اور مسئلہ ہوتو فوج کو بلایا جاتا ہے۔کہا جارہا ہے ہم 20کروڑ کے مالک ہیں۔ایسی بات نہیں 20کروڑ عوام کسی کے پابند نہیں۔سابق وزیراعظم نے یہ بھی مشورہ دیا کہ اداروں کو نہ چھیڑا جائے وہ کسی کے ماتحت نہیں۔