Monday, September 16, 2024

میرے تبصرے کو سکھ جذبات سے جوڑنا گمراہ کن ہے ، شاہ محمود قریشی

میرے تبصرے کو سکھ  جذبات سے جوڑنا گمراہ کن ہے ، شاہ محمود قریشی
December 2, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی گگلی بھارت کی سمجھ سے بالاتر ، بیان کو کچھ اور ہی رنگ دیدیا۔ شاہ محمودقریشی کہتے ہیں  ان کے تبصروں کو سکھ جذبات سے جوڑنا  گمراہ کن  ہے۔ کرتار پور کا تاریخی فیصلہ پوری نیک نیتی سے کیا گیا، بھارتی ہم منصب سشما سوراج کہتی ہیں ہم آپ کی گگلی کے جال میں نہیں پھنسے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ا ن کے  تبصرے کو سکھ جذبات سے جوڑنا گمراہ کن ہے۔ بھارت کیساتھ دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں گفتگو کی تھی۔ وہ سکھ برادری کے جذبات کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے یا تنازعات پیدا کرنے سے ان میں تبدیلی نہیں آسکتی۔ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ سکھ بھائیوں کی دیرینہ خواہشات کے احترام میں کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا۔یہ تاریخی فیصلہ پوری نیک نیتی اور خلوص سے کیا گیا۔ بھارتی ہم منصب سشما سوراج نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گلگلی کے بیان کو کچھ اورہی رنگ دیا، کہتی ہیں پاکستانی وزیرخارجہ کے گگلی والی بیان سے کسی کا کچھ نہیں گیا،وہ خود بے نقاب ہوئے۔ بیان ظاہر کرتا ہے کہ آپ سکھ برادری کے جذبات کا احترام نہیں کرتے بلکہ صرف گگلیاں کھیلتے ہیں۔ بھارتی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم آپ کی گگلی کے جال میں نہیں پھنسے۔