Sunday, May 12, 2024

میری زمین کے ایک ایک انچ کی لیز کے کاغذ موجود ہیں ، حلیم عادل شیخ

میری زمین کے ایک ایک انچ کی لیز کے کاغذ موجود ہیں ، حلیم عادل شیخ
February 7, 2021

کراچی (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا میری زمین کے ایک ایک انچ کی لیز کے کاغذ موجود ہیں۔

کراچی میں قبضہ مافیا کیخلاف بڑی کارروائی پر پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ کا غصہ آج بھی ٹھنڈا نہ ہوا- فارم ہاؤس گرائے جانے کیخلاف گزشتہ روز 2 پریس کانفرنسوں کے بعد آج ایک اور پریس کانفرنس کر ڈالی۔

حلیم عادل شیخ نے گزشتہ روز کی جانے والی کارروائی کا ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ کو قرار دیا اور کہا کہ مراد علی شاہ نے تمام ایکشن خود مانیٹر کیا۔ پی ٹی آئی رہنماء نے کہا سندھ حکومت 3 سال سے پیچھے پڑی ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

گزشتہ روز فارم ہاؤسز  توڑنے کے موقع پر ہنگامہ آرائی کی گئی تھی جس کا مقدمہ کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کے 60 سے زائد کارکنوں کیخلاف درج کر لیا گیا ۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ملیر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی کے دوران قبضہ مافیا سے548 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی ۔