Monday, May 6, 2024

میرپورٹیسٹ کا دوسرا دن پاکستانی بولرز کے نام،بنگالی ٹائیگر557کے جواب میں 107رنز پر 5وکٹیں گنوابیٹھے

میرپورٹیسٹ کا دوسرا دن پاکستانی بولرز کے نام،بنگالی ٹائیگر557کے جواب میں 107رنز پر 5وکٹیں گنوابیٹھے
May 7, 2015
ڈھاکا(ویب ڈیسک)میر پور ٹیسٹ کا دوسرا روز پاکستانی باؤلرز کے نام رہا۔ شاہینوں نے ایک سو سات رنز پر پانچ بنگالی ٹائیگرز کو ڈھیر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے نائب کپتان اظہر علی کی کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری کی بدولت پانچ سو ستاون رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی ۔ شاہینوں نے پہلے تو بیٹنگ میں ٹائیگرز کو تھکایااور خوب بھڑاس نکالی، دوسرے روز تین سو تئیس رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے کے بعد پاکستان نے مزید پانچ وکٹیں گنوا کر دو سو چوبیس قیمتی رنز کا اضافہ کیا اور پانچ سو ستاون رنز پراننگز ڈکلیئر کر دی۔ اظہر علی نے دوسرے روز اپنے سکور میں ننانوے رنز کا اضافہ کرتے ہوئے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔ اسد شفیق نے بھی سنچری بنا کر پہلی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی مجموعی سنچریوں کی تعداد تین کر دی۔ جواب میں بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو پہلے ٹیسٹ میں جم کر کھیلنے والے میزبان بلے بازوں میں سے کوئی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ اوپنر تمیم اقبال چار اور امرالقیس بتیس رنزبنا کرآؤٹ ہوئے،مومن الحق تیرہ جبکہ محمود اللہ اٹھائیس رنز بنا کر چلتے بنے مشفق الرحیم بھی بارہ رنز ہی بنا پائے، یاسرشاہ اور جنیدخان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ شاہینوں نے اونچی پرواز کا سلسلہ برقرار رکھا تو دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن سیریز میں پہلی کامیابی کے قریب پہنچ جائیں گے۔