Sunday, May 12, 2024

میرپور خاص سول اسپتال میں ایمبولینس نہ ملنے پرغریب خاتون جاں بحق

میرپور خاص سول اسپتال میں ایمبولینس نہ ملنے پرغریب خاتون جاں بحق
October 4, 2019
 میرپور خاص (92 نیوز) میرپور خاص سول اسپتال میں ایمبولینس نہ ملنے پرغریب خاتون جاں بحق ہو گئی۔ راجڑ کالونی کی رہائشی شریمتی کملا نارائن کو دل کی تکلیف کے باعث سول اسپتال میر پور خاص لایا گیا۔ طبعیت زیادہ خراب ہونے پر ڈاکٹروں نے مریضہ کو ٹنڈو محمد خان لے کر جانے کا کہا۔ ورثا نے ایمبولینس کا پتا کیا تو ڈرائیور نے تیل کے پیسے مانگے۔ غریب ورثا کی جیب سے پیسے نہ نکلے تو ڈرائیور  نے جانے سے انکار کر دیا۔ ورثا ایمبولینس کی تلاش میں مریضہ کو لے کر  سول اسپتال کے چکر لگاتے رہے۔ خاتون نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ مریضہ کی ہلاکت کے خلاف لواحقین نے سول اسپتال میر پور خاص میں شدید احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نے اسپتال میں کھڑی پانچ ایمبولنسز کے شیشے بھی توڑ دیئے۔ کچھ روز قبل بھی  تھر پار کر میں بروقت ایمبولنس  نہ ملنے پر 9 ماہ کا بچہ انتقال کر گیا تھا۔ والدین بچے کو لے کر اسپتال کے چکر لگاتے رہے لیکن اسپتال انتظامیہ نے ایمبولنس فراہم نہ کی۔