Thursday, May 2, 2024

میرٹ کی بنیاد پر ہنر مند اور تعلیم یافتہ افراد کو گرین کارڈ دئیے جائیں گے ، ڈونلڈ ٹرمپ

میرٹ کی بنیاد پر ہنر مند اور تعلیم یافتہ افراد کو گرین کارڈ دئیے جائیں گے ، ڈونلڈ ٹرمپ
May 17, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر ہنر مند اور تعلیم یافتہ افراد کو گرین کارڈ دئیے جائیں گے۔ امریکا میں مستقل رہائش کیلئے کینیڈا کی طرح پوائنٹس بیسڈ سسٹم متعارف کرانے کی تیاری کر لی گئی۔ وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے امیگریشن پالیسی میں مجوزہ اصلاحات پیش کیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت میرٹ کی بنیاد پر ہنر مند اور تعلیم یافتہ افراد کو گرین کارڈ دئیے جائیں گے ۔ امریکا داخلے سے قبل مہاجرین کیلئے انگریزی زبان سیکھنا اور سِوکس امتحان پاس کرنا لازمی ہو گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ پالیسی دنیا بھر کے بہترین اور قابل لوگوں کو امریکا آنے کی ترغیب دے گی۔ پالیسی غیر قانونی امیگریشن کو روکے گی اور امریکی افرادی قوت کی اجرت کی حفاظت کرے گی۔ دوسری جانب ڈیموکریٹس نے مجوزہ پالیسی کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ کانگریس اسپیکر نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ امیگریشن پالیسی میرٹ پرنہیں بلکہ اپنی ذاتی پسند ہے، کیا خاندانوں کو ایک دوسرے سے جدا کرنا میرٹ ہے؟۔ امریکا میں خاندانی تعلقات کی بنیاد پر گرین کارڈ دینے کا قانون رائج ہے ۔ امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہونے کے باعث ٹرمپ کی یہ پالیسی مسترد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔