Saturday, May 11, 2024

میر پور خاص سانحے کے متاثرین کے گھر پی ٹی آئی رہنماؤں کی آمد

میر پور خاص سانحے کے متاثرین کے گھر پی ٹی آئی رہنماؤں کی آمد
September 15, 2019
میر پور خاص ( 92 نیوز) میر پور خاص میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر غمزدہ خاندان کی آہ و بکا جاری ہے ، سندھ حکومت کی روایتی بے حسی بھی برقرار ہے  اور متاثرہ خاندان سے سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ تاحال  تعزیت کے لئے نہ پہنچا ، وزیر اعلیٰ سندھ کانوٹس بھی صرف ایم ایس کو معطل کرنے پہنچا ، دوسری جانب  پی ٹی آئی رہنما متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے اور تعزیت کی ۔ گزشتہ روز اندرون سندھ  میں  غریب کا بچہ مرا تو اسپتال انتظامیہ نے لاش منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس نہ دی ، لاچار باپ موٹر سائیکل پر اپنے لخت جگرکی لاش گھر منتقل کرنے کے دوران خود بھی بھائی سمیت لاش میں تبدیل ہوگیا ، المناک واقعے پر سائیں سرکار کی بے حسی برقراررہی کوئی بھی حکومتی نمائندہ یا سرکاری افسر متاثرہ خاندان کی اشک شوئی کے لیے نہ پہنچا۔ اپنوں کے لیے جیل میں بھی سہولتوں کا مطالبہ کرنے والی سندھ سرکار کی بے حسی المناک واقعے پر بھی ختم نہ ہوئی ،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا نوٹس بھی ایم ایس اور انچارج ایڈمنسٹریشن کی معطلی سے آگے نہ بڑھ سکا۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے پر پولیس حکام کو بھی ہوش آگیااور واقعے کا مقدمہ  ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹراسلم،انچارج ایڈمنسٹریشن ڈاکٹرخلیل اور آرایم او ڈاکٹر عادل کے خلاف قتل خطا کی دفعہ کے تحت درج کرلیا۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ اور دعا بھٹو  گاؤں حمیر درس پہنچ گئے ، اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا  کہ بلاول بھٹو کے ہیلی کاپٹر کے لیے تیل موجود ہے لیکن سول اسپتال سے غریب کے گھر لاش منتقل کرنے والوں سے 2 ہزار روپے طلب کیے جاتے ہیں۔ حلیم عادل شیخ اور پاکستان بیت المال سندھ کے انچارج جنید لاکھانی نے متاثرہ خاندان کی مالی امداد بھی کی۔