Saturday, April 20, 2024

میر پور آزاد کشمیر اور جہلم میں پھر زلزلے کے جھٹکے ، لوگ گھروں سے نکل آئے

میر پور آزاد کشمیر اور جہلم میں پھر زلزلے کے جھٹکے ، لوگ گھروں سے نکل آئے
September 26, 2019
 جہلم (92 نیوز) میر پور آزاد کشمیر اور جہلم میں پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیئے گئے۔ آج آنے والے زلزلے میں میرپور میں 50 افراد زخمی ہو گئے۔ جہلم ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیپالپور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی  شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔ این ڈی ایم اے کے مطابق دو روز قبل آنے والے زلزلے میں  جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہو گئی۔ زلزلے سے 450 گھروں کو نقصان پہنچا۔ 135 شدید متاثر ہوئے۔ دراڑیں پڑنے پر میرپور ضلع میں 50 فیصد گھروں کو ناقابل استعمال قرار دے دیا گیا۔ پاک فوج کے دستے اور انتظامی ادارے ریلیف کے ساتھ بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کہا تعمیر نو کے عمل میں زلزلہ پروف عمارتوں کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔ زلزلہ متاثرین کے لیے ادویات اور سرجیکل سامان میرپور روانہ کر دیا گیا۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ  دکھ کی گھڑی  میں آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرہ  لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔