Thursday, April 25, 2024

میر صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کا جشن

میر صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کا جشن
April 15, 2019
اسلام آباد ( 92 نیو ز) میر صادق سنجرانی کے چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر پارلیمنٹ کے باہر پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے  مشترکہ جشن منایا اور زبردست نعرے بازی  کی جبکہ  مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ ادھر نومنتخب چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی کی جیت ہوئی تو پارلیمنٹ کے باہرجمع پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا مشترکہ جشن شروع ہوگیا ۔ جشن کے دوران ایک نے ایک زرداری سب پربھاری کا نعرہ لگایا تو کوئی یہ کہتا نظرآیا کہ یہ عمران خان کی جیت ہے۔ کارکن نومنتخب صادق سنجرانی کے حق میں بھی نعرے بازی کرتے رہے۔ پارلیمنٹ کے باہر کارکنوں نے مٹھائی بھی تقسیم کی اور پھول بھی نچاور کئے، لوگوں کو ایک عرصے کےبعد  پارلیمنٹ کےبا ہر اس طرح کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ صادق سنجرانی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ متنخب ہوئے ہیں ، انہوں نے 57 ووٹ حاصل کئے تھے ۔  میر صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے۔ میر صادق سنجرانی  14اپریل 1978کوبلوچستان کے  علاقے نوکنڈی  میں پیدا ہوئے  ،  بلوچستان یونیورسٹی سے ایم  اے  کیا ،ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی   کا شمار علاقے کے قبائلی رہنما میں ہوتا ۔ صادق سنجرانی کے بھائی  اعجاز سنجرانی  نواب ثنا  اللہ زہری کے دور حکومت  میں وزیراعلی  کے مشیر بنے ،حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیر اعلی عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا ۔ میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی  محمد رازق سنجرانی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی رہے ، میر صادق سنجرانی 1998میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے کوآڈینیٹر رہے ، یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور حکومت میں صادق سنجرانی کو وزیر اعظم شکایات سیل کا انچارج بنایا۔ صادق سنجرانی نے تین مارچ 2018کو بلوچستان سے  آزاد حیثیت سے سینیٹ کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کرکےسینیٹر منتخب ہوئے ، صادق سنجرانی نے سینٹر منتخب ہونے کے بعد چیئرمین سینیٹ کا عہدہ  بلوچستان کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔