Monday, May 13, 2024

میدانی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی

میدانی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی
January 5, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ، اسکردو،استور، گلگت مالم جبہ کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے ، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری تک پہنچ گیا۔کوئٹہ ، بولان ، ملتان میں بارش ، سردی مزید بڑھ گئی۔لاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ ملک بھر میں موسم سرما کی شدت برقرار ہے ، میدانی علاقوں میں بارش کے بعد جبکہ  پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت بڑھ چکی ہے ، پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے سردی کی لہر میں اضافہ کردیا ہے ۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ  وقفے وقفے سے جاری ہے ، ملکہ کوہسار مری میں چھٹی کے روز سیاحوں کا میلہ لگ گیا ، گزشتہ روز ہونے والی برفباری نے موسم کو مزید دلکش بنا دیا ہے، سیاح موج مستیاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ استور میں بھی اب تک کئی کئی فٹ برف پڑ چکی ہے،شہر میں جلانے کی لکڑیاں بھی نایاب ہو چکی ہیں ،  سکردو  میں  دھوپ تونکلی  لیکن درجہ حرارت اب بھی منفی پندہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔  آزاد کشمیر  گلگت، دیر بالا، کوٹلی، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں  شدید سردی ہے، برفباری سے متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ  مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ ملتان  سمیت جنوبی پنجاب کے اکثر و بیشر علاقوں میں بارش ہوئی ، لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے سردی کی  لپیٹ میں ہیں ۔ ادھر  کوئٹہ میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، شہرکا کم سے کم درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت، قلات، دالبندین ، نوکنڈی، پنجگور، خضدار، تربت، باکھران اور سبی بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔