Friday, April 19, 2024

میدان سج گیا !!! اسلام آباد کی تاریخ کا پہلا بلدیاتی مقابلہ کل لڑا جائیگا

میدان سج گیا !!! اسلام آباد کی تاریخ کا پہلا بلدیاتی مقابلہ کل لڑا جائیگا
November 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات کے لیے بالاخر میدان سج گیا ہے۔ الیکشن مہم کے لئے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ پولنگ کل (پیر کو) ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سجنے کو تیار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے سپریم کورٹ نے بارہا الیکشن کمیشن کو آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایات دیں لیکن انتظامیہ مختلف حیلے بہانوں سے انتخابات کے انعقاد سے کتراتی رہی۔ کبھی سکیورٹی صورتحال آڑے آئی تو کبھی الیکشن کمیشن کو قانون سازی نہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری کیا گیا شیڈول واپس لینا پڑا۔ اعلیٰ عدلیہ کے مسلسل دباو کے بعد اب وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو بھی بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کا موقع مل گیا ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں نے بھی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اسلام آباد کی 50 یونین کونسلز کے لیے 650 نشستوں پر 2407 امیدواروں کے درمیان مقابلہ پیر کے روز ہو گا۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 73 ہزار 695 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 66 ہزار 8 سو 99 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 8 سو 96 ہے۔ انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے پولیس، فوج اور رینجرز کے 7 ہزار 7 سو باون اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ پہلی مرتبہ وفاقی دارالحکومت کے کوچہ و بازار بلدیاتی امیدواروں کے بینروں اور پوسٹروں سے سج گئے۔ تمام امیدواروں نے انتخابی مہم کے آخری روز ریلیاں نکالیں اور کارنر میٹنگز کیں۔