Sunday, May 12, 2024

میجر محمد طفیل شہید کا 62 واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

میجر محمد طفیل شہید کا 62 واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
August 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) آج مشرقی پاکستان میں جرات و بہادری کی سنہری داستان رقم کرنے والے پاکستان کے عظیم سپوت میجر محمد طفیل شہید نشان حیدر کا 62 واں یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ بھارتی پنجاب کے علاقہ ہوشیار پور میں 1914ء میں آنکھ کھولنے والے بہادر سپوت میجر محمد طفیل نے 1943ء میں ہندوستان میں برطانوی فوج کی 16 ویں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ قیام پاکستان کے بعد پاک فوج کا حصہ بنے۔ میجر محمد طفیل 1958ء میں ایسٹ پاکستان رائفلز کے کمپنی کمانڈر تھے۔ سرحدی سلامتی کلیدی ذمہ داری تھی۔ بھارت نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کی اور لکشمی پور کے گاﺅں پر قبضہ کر لیا۔ میجر محمد طفیل نے 3 دستے تشکیل دیکر بھارتی فورسز کوآن لیا۔ میجر طفیل نے معدے میں پیوست 3 گولیوں کے باوجود پیش قدمی جاری رکھی۔ سپاہ پر شدید فائر آتا دیکھ کر میجر طفیل نے زخموں سے چور جسم گھسیٹتے ہوئے بھارتی فوج کے کمانڈر کو دبوچ لیا اور دست بدست لڑائی میں اُسے واصل جہنم کیا۔ شدید زخمی میجر محمد طفیل نے اپنے جونیئر آفیسر سے کہا تھا ”میں نے اپنا فرض ادا کردیا، دشمن بھاگ کھڑا ہوا “ ۔ میجر محمد طفیل ہسپتال لیجاتے وقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ آپ کو بورے والا، پنجاب میں سپرد خاک کیا گیا۔ میجر محمد طفیل کی لازوال قربانی اور کمال جرات پر اُنہیں وطن عزیز کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔